وزیراعظم نے بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کی بہتری کیلئے ترجیحی پلان مرتب کرکے آئندہ ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کردی

تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری و آﺅٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کیا جائے ‘ تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے انتظامی امور کی بہتری کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کی معاونت لی جائے.وزیراعظم شہباز شریف کابجلی کے حوالے دوسرے جائزہ اجلاس سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اپریل 2024 23:41

وزیراعظم نے بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کی بہتری کیلئے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اپریل۔2024 ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پلان مرتب کرکے آئندہ ہفتے پیش کرنے اور ان کے انتظامی امور میں بہتری کیلئے نجی شعبہ کے ماہرین کی معاونت لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی شعبہ کی اصلاحات سے گردشی قرضہ میں کمی لے کر آئیں گے، بجلی چوروں اور دیگر عناصر کو ملکی خزانے کو قطعاً مزید نقصان نہیں پہنچانے دیں گے، بجلی ٹرانسمیشن کے نظام کی بہتری کے بڑے منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے.

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی شعبے کے حوالے سے اقدامات کے جائزے پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کا دوسرا دور منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراءخواجہ محمد آصف، محمد اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، سید محسن رضا نقوی، عطاءاللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سابق وزیربجلی محمد علی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، انجینئر قمر السلام، رانا احسان افضل، سلمان احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی.

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پلان مرتب کرکے آئندہ ہفتے پیش کیا جائے، تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری و آﺅٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کیا جائے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے انتظامی امور کی بہتری کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کی معاونت لی جائے. انہوں نے کہا کہ بجلی کے ترسیلی و تقسیم کے نظام کیلئے عالمی سطح پر رائج ماڈلز سے مدد لی جائے، بجلی شعبے کی اصلاحات سے گردشی قرضے میں کمی لے کر آئیں گے، بجلی چوروں اور دیگر عناصر کو ملکی خزانے کو قطعاً مزید نقصان نہیں پہنچانے دیں گے.

اجلاس کو بجلی کی ٹرانسمیشن کے نئے منصوبوں ،این ٹی ڈی سی کی تنظیم نو اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات و سفارشات پیش کی گئیں اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے جنوب سے بجلی کی ترسیل کیلئے مٹیاری رحیم یار خان ٹرانسمیشن لائن اور غازی بروتھا فیصل آباد لائن تعمیر کی جائے گی. اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی اصلاحات اور گردشی قرضے کو کم کرنے کیلئے این ٹی ڈی سی کی تنظیمِ نو کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے وزیر اعظم نے تمام اصلاحات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی.