کراچی،غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پر خود کش حملہ،2دہشت گرد ہلاک،2سیکورٹی گارڈ سمیت3افراد زخمی

غیرملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایا،غیرملکی شہری محفوظ رہے،خودکش دھماکے اور فائرنگ سے ہلاک دونوں افراد حملہ آور تھے،ایس ایس پی ملیر

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 10:23

کراچی،غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پر خود کش حملہ،2دہشت گرد ہلاک،2سیکورٹی ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق خودکش دھماکے اور فائرنگ سے ہلاک دونوں افراد حملہ آور تھے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے واقعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کرکے واقعے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیںجبکہ 2 کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔ گاڑی میں غیرملکی شہری موجود تھے جو محفوظ رہے۔ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی نے بتایا کہ تمام غیرملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 5 جاپانی شہری سوار تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایاجبکہ دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا اورتیسرادہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔مقابلے میں مارا گیا دوسرا دہشتگرد بھی خود کش بمبارتھا، ہلاک دہشتگرد کے جسم سے خود کش جیکٹ اور گرینیڈ بندھا ہوا تھا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے پاس سے بیگ بھی ملا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بیگ میں دستی بم موجود تھے۔

دھماکے کی جگہ کے قریب موجود ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم اس جگہ کا معائنہ کرے گی۔پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو پائی ہے تاہم دونوں کی عمر 30 اور 35 سال کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد 45 سالہ نور محمد اور 45 لنگر خان کے ناموں سے شناخت ہوئی ہے دونوں سکیورٹی گارڈ تھے اور غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔

ڈجی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ غیر ملکی شہریوں کے ساتھ مسلح گارڈ موجود تھا جس نے حملہ آور پر جوابی فائرنگ کی اور وہ خود بھی زخمی ہوا جائے وقوعہ سے دہشت گرد کے اعضا ملے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے دھماکے کا نشانہ بننے والی غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکلیں بھی ملی ہیں، دھماکے کے نتیجے میں متاثرہ گاڑی کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔پولیس کی جانب سے ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں جاپانی شہریوں کی گاڑی (ہائی ایس) کو نشانہ بنایا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ کو دی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پولیس کی بروقت کارروائی سےغیر ملکی محفوظ رہے، ان کا ایک گارڈ زخمی ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کو واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کردی۔