سعودی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کا مقصد دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر بات چیت کو تیز کرنا تھا، ترجمان دفترخارجہ

جمعہ 19 اپریل 2024 17:53

سعودی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کا مقصد دو طرفہ اقتصادی تعاون کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی قیادت میں سعودی وفد نے رواں ہفتے اسلام آباد کا دورہ کیا جس کا مقصد وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان مکہ المکرمہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات میں طے پانے والے مفاہمت کی پیروی میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر بات چیت کو تیز کرنا تھا۔

ترجمان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ دونوں وزراء خارجہ کی مشترکہ صدارت میں ہونے والی ”سعودی عرب پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس“ میں فریقین نے توانائی، کان کنی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات، انسانی وسائل کی ترقی اور برآمدات جیسے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مملکت سعودی عرب کے ساتھ اپنی تعمیری مصروفیات جاری رکھیں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے وزراء خارجہ نے عالمی اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزراء خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا، کشیدگی میں کمی اور فوری جنگ بندی، غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور غزہ کے محصور لوگوں کے لیے بلا روک ٹوک انسانی امداد تک رسائی دینے پر زور دیا۔