Live Updates

پرائیویٹ اسکیم کے تحت حجاج اکرام کی بکنگ تاحال جاری ہے ختم نہیں ہوئی،طاہر محمود اشرفی

24ہزار حجاج پرائیویٹ سکیم کے تحت روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا حصہ ہونگے ، خود احتسابی کے عمل کے ذریعے پرائیویٹ حجاج کو شکایت نہیں ہوگی آرمی چیف ،وزیر اعظم کی کاوشوں سے اعلی سطحی سعودی وفود پاکستان آئے اب پاکستان امداد کی بجائے ٹریڈ کی طرف بڑھ رہا ہے‘پریس کانفرنس

جمعہ 19 اپریل 2024 20:35

پرائیویٹ اسکیم کے تحت حجاج اکرام کی بکنگ تاحال جاری ہے ختم نہیں ہوئی،طاہر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل وحج آرگنائزیشن ہوپ کے سرپرست اعلی حافظ طاہر محمود اشرفی نے واضح کیاہے کہ پرائیویٹ سکیم کے تحت حجاج کی بکنگ تاحال جاری ہے ،رواں سال 24ہزار حجاج پرائیویٹ سکیم کے تحت روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا حصہ ہوں گے ، خود احتسابی کے عمل کے ذریعے پرائیویٹ حجاج کو شکایت نہیں ہوگی، سعودی وزارت حج و عمرہ پاکستانی حجاج کی تربیت کیلئے اعلی سطحی حکام بھی بھیج رہا ہے، آرمی چیف جنرل حافظ سید عاصم منیر اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی کاوشوں سے اعلی سطحی سعودی وفود پاکستان آئے اب پاکستان امداد کی بجائے ٹریڈ کی طرف بڑھ رہا ہے، مستقبل میں بھی پاکستان کی اقتصادی اور معاشی بہتری میں سعودی عرب اور اسلامی ممالک کا اہم کردار ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حج آرگنائزیشن کے دیگر عہدیداران میں سعید احمد ملک، چوہدری احسان اللہ، ملک عبد الخالق ، چوہدری محمد عادل ، خالد محمود بھٹی، پیر شفاعت احمد بودلہ اور ذیشان قمر بھی موجود تھے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومتی سطح پر حجاج کی بکنگ بند ہو چکی ہے لیکن پرائیویٹ سکیم کے تحت حجاج کی بکنگ تاحال جاری ہے رواں سال کچھ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز سرکاری حج سکیم کے تحت جانیوالے حجاج سے بھی سستا حج کروا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ رواں سال 24 ہزار پرائیویٹ حجاج روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت مستفید ہو نگے خود احتسابی عمل کے باعث اب ماضی کی طرح پرائیویٹ حجاج کو شکایات نہیں ہوگی حاجی کو ملنے والی تمام سہولیات سے تحریری طور پر آگاہ کرنا ضروری ہے جس کے باعث شکایت کا تصور نہیں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کرپشن فری اقدامات اٹھائے ہیں جس پر موجودہ حکومت اور وزیر مذہبی امور مبارکباد کے مستحق ہے۔

ایک سوال کے جواب میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی حکومت نے کبھی بھی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کی اور نہ ہی عمران خان کے حکومت کے خلاف عدم اعتماد میں سعودی حکومت کا کوئی کردار ہے، تاہم جب بھی پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اسوقت سعودی حکومت نے آگے بڑھ کر پاکستان کی مدد کی ہے۔ اب بھی پاکستانی آرمی چیف اور وزیراعظم کے دوروں کے بعد سعودی ولی عہد نے پاکستان میں اعلی سطحی سعودی وفود بھیج کر ثابت کردیا ہے کہ سعودی حکومت پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کیلئے سب سے آگے بڑھ کر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کر رہا ہے ،اب پاکستان امداد نہیں بلکہ ٹریڈ کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے حجاج کرام اور زائرین کیلئے سہولتوں پر سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز ، ولی عہد امیر محمد بن سلمان ، سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق فوزان الربیعہ اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کا ایک ہی موقف ہے کہ اسرائیل فلسطین پر قابض ہے جب تک فلسطینی عوام کی خواہشات پر فلسطین کو آزادی نہیں ملتی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات