ڈیرہ غازیخان، صوبائی حلقہ پی پی 290 میں ضمنی انتخابات 21اپریل کو ہوں گے

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:47

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) ڈیرہ غازیخان کے صوبائی حلقہ پی پی 290 میں ضمنی انتخابات اتوار 21اپریل کو ہوں گے۔ حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 19لاکھ 39ہزار 560ہے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی طرف سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق حلقے میں 88506 خواتین اور 105454 مرد رجسٹرڈ ووٹرز شامل ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد حیثیت سے 7امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

جن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار علی یوسف لغاری اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سردار محی الدین کھوسہ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی امید ہے۔حلقے میں 117 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں 12 انتہائی حساس اور 34 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشن کی سرگرمیوں کو مانیٹر اور ویڈیو ریکارڈ مرتب کرنے کےلئے جدید کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں ، اس کے علاوہ سکیورٹی معاملات میں معاونت کےلئے پاک فوج اور رینجرز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے انتخابی سامان کی ترسیل،ٹرانسپورٹیشن پلان،سکیورٹی امور اور دیگر معاملات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے دوران حلقہ این اے 186 اور پی پی 290سے وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کامیاب ہوئے تھے اور ان کی جانب سے پی پی 290 کی نشت خالی چھوڑنے پر 21 اس حلقے میں ضمنی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں ۔