اویس لغاری 188 ارب روپے کے بارے میں خط لکھنے سے پہلے خیبر پختونخوا کے 1500 ارب بقایاجات پر بھی بات کریں، بیرسٹرسیف

ہفتہ 20 اپریل 2024 18:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اویس لغاری 188 ارب روپے کے بارے میں خط لکھنے سے پہلے خیبر پختونخوا کے 1500 ارب بقایاجات پر بھی بات کریں۔یہ بات انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ پن بجلی پیدا کررہا ہے اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد پن بجلی سمیت تمام صوبائی وسائل پر پہلا حق صوبے کا ہے اسلئے وفاق خیبرپختونخوا کے نیٹ ہائیڈل پروفٹ سمیت تمام بقایاجات ادا کر کے اور بجٹ میں سابق فاٹا کے لیے مختص رقم کی ادائیگی کرکے آئینی ذمہ داری کرے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے کوئی احسان نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ یہ ادائیگیاں ہمارا حق ہیں جسے وہ ادا کریں تاکہ اسے خیبر پختونخوا اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود و ترقی پر خرچ کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت محض نعروں یا فوٹو شوٹس کیلئے نہیں بلکہ عوامی خدمت اور ترقی کا منشور لے کر اقتدار میں آئی ہے۔مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پیسکو اور ٹیسکو وفاقی ادارے ہیں پی ڈی ایم ٹو سرکار انہیں ٹھیک کرنے کے بجائے لوٹنے کیلئے آئی ہے۔