موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی شدید بارشوں سے قبل منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، میئر و ڈپٹی میونسپل کارپوریشن

پیر 22 اپریل 2024 18:07

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) میئر میونسپل کارپوریشن میجر ریٹائرڈ سردار عبدالقیوم بیگ و ڈپٹی میئر سید افراز گردیزی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی شدید بارشوں سے قبل منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، حالیہ دنوں اور آنے والے دنوں میں بارشوں کی پیشگوئی کے مطابق شہر کے اندر بند نالیوں کو کھولنے اور بند ہولز کو رواں کرنے کے لیے میونسپل کارپوریشن محکمہ شاہرات و دیگر محکمہ جات کی مدد سے کام کر ے گی، شہری کارپوریشن کیساتھ تعاون کریں کچرا نالیوں میں پھینکنے کے بجائے مقررہ جگہوں پر ڈالیں تاکہ اسے اٹھایا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ہدایات جاری کی گئیں کہ شہر اور میونسپل کارپوریشن کی حدود کے اندر تمام بند ہولز کو فوری کھولا جائے اور نالیوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تا کہ شدید بارشوں میں پانی سڑکوں پر نہ آئے اور عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ ہمہ وقت شہر کے اندر موجود رہتا ہے بارش میں نالیوں کو کھولنے کا موثر نظام موجود ہے انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن محدود وسائل کے باوجود کارپوریشن کی حدود میں شہریوں کی سہولت کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے، عوام نے کارپوریشن کو مضبوط بنانے کے لیے ہم پر اعتماد کر کے یہاں بھیجا ہے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ شہر کے اندر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھر پور مہم جاری ہے اور شہر کے اندر کسی بھی قسم کی تجاوزات کی ہر گز اجازت نہیں قانون سب کے لیے برابر ہے اور برابری کی بنیاد پر ہی تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میئر کارپوریشن نے باغ کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران شہر کو نقصان سے بچانے کے لیے میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں۔\378

متعلقہ عنوان :