Live Updates

مونس الٰہی کو اسپین میں بیٹھ کردھاندلی تو نظرآرہی لیکن جیل میں سڑتا باپ نظر نہیں آرہا

پی ٹی آئی ختم ہو چکی، اب تحریک فساد پارٹی ختم ہوتی جا رہی ہے، مولانا فضل الرحمان کے جلسوں نے کبھی فساد برپا نہیں کیا، ان کے ساتھ تعاون کریں گے، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اپریل 2024 19:23

مونس الٰہی کو اسپین میں بیٹھ کردھاندلی تو نظرآرہی لیکن جیل میں سڑتا ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اپریل 2024ء) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مونس الٰہی کو اسپین میں بیٹھ کردھاندلی تو نظرآرہی لیکن جیل میں سڑتا باپ نظر نہیں آرہا، پی ٹی آئی ختم ہو چکی، اب تحریک فساد پارٹی ختم ہوتی جا رہی ہے، مولانا فضل الرحمان کے جلسوں نے کبھی فساد برپا نہیں کیا، ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز پاکستان اور پنجاب کے عوام نے ایک بار پھرثابت کیا ہے کہ ان کو انتشار، فساد کا ایجنڈا نہیں چاہیے۔

جو سیاسی جماعت کام کرے عوام اسے ووٹ دیتی ہے۔کہا گیاکہ ضمنی انتخابات حکومتیں جیت جاتی ہیں مگر بانی پی ٹی آئی جب حکومت میں تھے تو ضمنی الیکشن ہار گئے تھے۔

(جاری ہے)

کل کے رزلٹ پر یہ کہنا کہ حکومتیں جیت جاتی ہیں،یہ ٹھیک نہیں ہے۔ حمزہ شہباز کی حکومت میں ضمنی الیکشن ن لیگ ہاری تھی۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ڈیڑھ، دو ماہ کی حکومت میں عوام نے کام ہوتے دیکھے تو ضمنی انتخابات میں عوام کا فیصلہ کلیئر تھا۔

مریم نواز کی حکومت پنجاب کے عوام کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ ”بزدار ماڈل“ نے پنجاب کو بے تحاشا نقصان پہنچایا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اپنی دو ماہ کی حکومت کے بعد ضمنی الیکشن ہار جائے تو وہ مقبولیت کا پیمانا نہیں ہوتا۔ یہ لوگ جب حکومت میں تھے تب بھی روتے تھے، آج حکومت سے باہر ہیں، تب بھی روتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف ہوں یا وزیر اعلیٰ مریم نواز،دونوں پاکستان اور پنجاب کے عوام کے لئے کام کر رہے ہیں۔

پاکستان کی عوام نے وہ سٹوری بھی دیکھ لی کہ بشریٰ بی بی کو ”ہارپک“ دیا، مگر محترمہ کودراصل گیسٹرک کا مسئلہ تھا۔ پنجاب کے عوام شہروں کو آگ لگانا پسند نہیں کرتے۔ہمارے بچوں کے پاس مفت موٹرسائیکلیں ہونی چاہیے۔ مجھے فخر ہے پنجاب کے عوام نے درست فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف تو اب ختم ہوچکی ہے، تحریک فساد پارٹی اب ختم ہوتی جارہی ہے۔ صوبائی وزیراطلاعات نے بتایا کہ آج گندم پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک میٹنگ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب جلد کسانوں کے حوالے سے ایک جامع پلان دیں گی۔ مولانا فضل الرحمان کے جلسوں نے کبھی فساد برپا نہیں کیا،ہم ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی کو اسپین میں بیٹھ کر دھاندلی نظر آرہی ہے، اپنا باپ سڑتا ہوا اڈیالہ جیل میں نظر نہیں آرہا۔ ان کے والد صاحب پر بہت کیسز ہیں، ان کا ان کو جواب دینا ہے۔ مونس الٰہی پیسے بھر بھر کے باہر لے کر گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت این آر او مانگ رہی ہے لیکن ان کو این آر او ملے گا نہیں۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات