پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی کے باعث فی کس آمدنی کم ہو رہی ہے،یوسف رضا گیلانی

ملکی تاریخ میں مہنگائی سب سے بلند سطح پر ہے،پاکستان کو درپیش مسائل میں اندرونی اور علاقائی مسائل سب سے اہم ہیں،چیئرمین سینیٹ کا لیڈرز ان بزنس سمٹ سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 23 اپریل 2024 13:19

پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی کے باعث فی کس آمدنی کم ہو رہی ہے،یوسف ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اپریل2024 ء) چیئرمین یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی کے باعث فی کس آمدنی کم ہو رہی ہے،ملکی تاریخ میں مہنگائی سب سے بلند سطح پر ہے، پاکستان کو درپیش مسائل میں اندرونی اور علاقائی مسائل سب سے اہم ہیں۔اسلام آباد میں لیڈرز ان بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی میدان میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے، جس میں سیلاب، بارشیں، بڑھتا درجہ حرارت اور دیگر مسائل شامل ہیں۔

دہشت گردی کے بعد ڈکیتی، گاڑی چوری، موبائل فون کی چھینا جھپٹی اور دیگر جرائم بڑھ رہے ہیں۔انتخابات کے بعد سیاسی طاقتوں کے درمیان اختلاف موجود ہیں جس کو ختم کرنے کے لئے مذاکرات شروع کرنا ہونگے۔

(جاری ہے)

آپس کے اختلافات ختم کر کے ملک کے اصل مسائل ہیں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ایک دھائی تک لڑنے کے بعد میں یہ بات کر رہا ہوں، دہشت گردی کے بعد دیگر جرائم بڑا مسئلہ ہے۔

ماحولیاتی مسائل کاباعث سیلاب، بارشیں، بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور دیگر مسائل سے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔افراط زر ملکی تاریخ میں سب سے بلند سطح پر ہے پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ سے فی کس آمدنی میں کمی ہورہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ بند کرانا دنیا کی سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے۔بزنس سمٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ پاکستان نے ادویات سازی میں ایف ڈی اے اور عالمی ادارہ صحت کے معیارات کو لاگو نہیں کیا جس کی وجہ سے ادویات کی برآمدات 400 ملین ڈالر سے زائد نہیں ہے۔ جبکہ بھارت 28 ارب اور بنگلہ دیش 4 سے 5 ارب ڈالر کی برآمد کرتا ہے۔