پا کستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کا الیکشن کمیشن کوہلو کے سامنے احتجاج و دھرنا

اتوار 28 اپریل 2024 21:15

کوہلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) پا کستان مسلم لیگ( ن) کے کارکنوں کا الیکشن کمیشن کے آفس سے ختم نبوت چوک تک ریلی اور الیکشن کمیشن آفس کے سامنے دھرنا دے دیا ریلی کے شرکاء کا الیکشن کمیشن پاکستان و وزیراعلی بلوچستان کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ، وڈیرہ ربنواز،وڈیرہ بیورغ ، میر نعمیت مری ،عمر فاروق ،روزی خان سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن پی بی 09 کوہلو میں بار بار الیکشن سے عوام تنگ ہورہے ہیں16 فروری کو پرامن انتخابات ہوئے لوگوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کئے لیکن الیکشن کمیشن نے ری پولنگ کا حکم دے کر علاقے کے حالات کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کردیا ہے ہمارے علاقے میں حالات خراب ہیں بار بار الیکشن سے ہمارے علاقے میں معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نقصان پہنچ رہا ہے 24 اپریل کو ہماری انتخابی قافلے پر آئی ڈی بلاسٹ ہوا ہے جبکہ فائرنگ کے ایک اور واقعے میں معصوم اور بے گناہ شہری گل خان مری جان بحق ہوگئے تھے ان چار پولنگ اسٹیشنز میں 6 ہزار کے قریب ووٹرز کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کرنے کے لئے پولنگ اسٹیشنز کو کسی دوسرے ضلع اور ڈویڑن میں منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تحصیل کاہان کے تمام 14 پولنگ اسٹیشنز کو تحصیل سے نکال کر باہر کے اضلاع میں منتقل کردیا گیا تھا الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے الیکشن کمیشن نے کس قانون کے تحت ری پولنگ کا اعلان کیا ہیاسی پولنگ اسٹیشنز میں این اے 253 کے امیدوار میاں خان بگٹی بھی کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن قومی اسمبلی کے ووٹس درست اور صوبائی اسمبلی کے نتائج کو کالعدم قرار دیا گیا ہے ۔میاں خان بگٹی وزیراعلی بلوچستان سر فراز بگٹی کے لاڈلے ہیں اس لئے ان کے نتائج درست ہیں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد بہت جلد بلوچستان پنجاب قومی شاہراہ اور کوہلو سبی شاہراہ کو بھی بند کریں گے۔