چاہتے ہیں ایوان کا تقدس بحال ہو اور سب مل کر ملک کے مسائل حل کر یں ، عبدالقادر پٹیل

پیر 29 اپریل 2024 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سابق دور حکومت میں ہمارے ساتھ جو برتائو ہوا وہ سب کے سامنے ہے، مگر ملک اور جمہوریت کی خاطر ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس ایوان کا تقدس بحال ہو اور ہم سب ملکر ملک کے مسائل حل کریں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے رکن اسد قیصر کے نکتہ اعتراض کے جواب میں عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم سابق سپیکر اسد قیصر کے دروازے پر ساری ساری رات بیٹھے رہتے تھے مگر شنوائی نہیں ہوتی تھی اور کسی کا پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوتا تھا، ہمیں پتہ چلتا تھا کہ سپیکر پچھلے دروازے سے چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چالیس چالیس بل ایک دن میں منظورہوتے تھے جن میں ہماری ترامیم کو روندا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پچھلی اسمبلی کے جس طرح کورم پورے کرائے جاتے تھے وہ سب کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان لوگوں نے کراچی والوں سے نفرت کا اظہار کیا ہے، آپ تو طاقتور لوگ ہیں جو جیل پر بھی چڑھائی کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں میرے حلقہ میں تین دن تک ری کائونٹنگ کرائی جاتی رہی مگر ہم نے جمہوریت کی خاطر اپنا کردار اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس ایوان کا تقدس بحال ہو اور ہم سب مل کر ملک کے مسائل حل کر یں ۔ انہوں نے چار سالہ دور حکومت میں کچھ نہیں کیا۔ سپیکر نے کہا کہ میرے لئے اسد قیصر قابل احترام ہیں جوسابق سپیکر رہے ہیں۔