صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی زیر صدارت لاڑکانہ تعلیمی بورڈ میں اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد

پیر 29 اپریل 2024 21:00

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ ہم سندھ سے کاپی کلچر کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے، امتحانات کے دوران کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جہاں بھی نقل کی شکایات پائی جائیں گی، امتحان منسوخ کر دیا جائے گا اور پرچے دوبارہ لیے جائیں گے۔انہوں نے تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کے افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ایم پی اے فریال تالپر اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے حکم پر یہ دورے کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کاپی کلچرنہیں بلکہ پڑھا لکھا سندھ چاہیے ،ہم ایک کمپیوٹرائزڈ نظام تیار کر رہے ہیں جس میں طلباء سندھ پبلک سروس کمیشن اور آئی بی اے کی طرح اپنے داخلہ اور امتحانی فارم آن لائن بھریں گے ،انہیں بورڈ میں نہیں آنا پڑے گا، طلبہ صرف مارک شیٹ اور دیگر سرٹیفکیٹس کے لیے بورڈ آئیں گے، امتحانات کے بعد ہم تمام بورڈز اور اعلیٰ سطح سے مشاورت کے بعد اس میکنزم کی تیاری کریں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ امتحانات سے قبل فارم بھرنے کا ایک مخصوص وقت ہونا چاہیے، اس کے بعد فارم نہ لیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ امتحانات پہلے سے بہتر ہوں ،اس لیے بورڈز کو کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرنا ہوں گے، جہاں بھی نقل کی شکایت پائی گئی، امتحان منسوخ کر کے دوبارہ لیا جائے گا، بورڈ کے عملے کو مکمل اختیار حاصل ہوگا، امتحانات میں نقل کو روکنے کے لیے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

اجلاس میں تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سکندر علی میرجت، سیکرٹری اشفاق شاہ، کنٹرولر فخرالدین ابڑو، ریسرچ آفیسر احمد خان چٹو اور دیگر حکام نے صوبائی وزیر کو بورڈ کی ورکنگ اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔اجلاس میں بورڈ کے تمام عملداروں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ ہم نے نقل کی برائی کو ہر قیمت پر ختم کرنا ہے، میں میڈیا کے ذریعے طلباء اور ان کے والدین کو متنبہ کر رہا ہوں کہ وہ امتحانات میں نقل سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بورڈ کے عملدار کسی قسم کی بدعنوانی میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، ہم امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، امتحانات کے دوران سکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری سے بات کریں گے۔