شہری اور دکاندار انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے اپنے دکانوں، گھروں کے سامنے تجاوزات کو ختم کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ،ڈپٹی کمشنر شہریار گل

Shahbaz Ali Asadi شہباز علی اسدی منگل 30 اپریل 2024 17:40

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2024ء) پ ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن کی زیر صدارت نواب شاہ شہر سے تجاوزات  کے خاتمے کے سلسلے میں ایک اجلاس آج انکے دفتر میں منعقد ہوا اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ  نواب شاہ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور  عوام کو آنے و جانے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے شہرسے تجاوزات کو  ہٹانے کے لئے بھرپور کاروائی شروع کی جارہی ہے جس کے لئے شہری اور دکاندار انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے اپنے دکانوں، گھروں  کے سامنے تجاوزات کو ختم کرکے ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دیں  انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں تجاوزات  برداشت سے باہر ہیں جس کے خاتمے کے لئے  سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی ہدایات پر ایک بار پھر تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا جارہا ہے ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے افسران  اور اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ  اسپتال روڈ سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا جائے   تجاوزات نہ ہٹانے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے جائیں  انہوں نے مزید کہا کہ  تجاوزات کے خلاف بلاتفریخ اور بغیر کسی دباؤ کے کاروائیاں کی جائیں  ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس کے افسر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ  شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے  کے لئے مزید نفری مقرر کی جائے  جبکہ پارکنگ کے علاوہ دیگر جگھوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے  اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن قاضی محمد رشید بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دلشاد احمد عمرانی، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ، اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو  کے علاوہ اینٹی انکروچمنٹ پولیس، پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔