انسانی حقوق کونسل پاکستان نے ہمیشہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،محمود ساغر

منگل 30 اپریل 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے کہاکہ انسانی حقوق کونسل پاکستان نے ہمیشہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے ان خیالات کا اظہار انسانی حقوق کونسل پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین کی قیادت میں ایک وفد سے حریت دفتر اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کونسل پاکستان نے ہمیشہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو سماجی اور سفارتی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کونسل کشمیر یوں کے ناقابل تنسیخ حق خودرادیت کا زبردست حامی ہے ۔ اس موقع پر کشمیری حریت رہنمائوں محمود احمد ساغر ، شیخ عبدالمتین ، امتیاز وانی اور سید اعجاز رحمانی نے وفد کو بتایا کہ مودی کی بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنانے کیلئے اسرائیلی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ نے متعددقراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت تسلیم کر رکھا ہے۔ہیومن رائٹس کونسل پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین نے ملاقات میں کہا کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اورمودی حکومت قتل عام ، گرفتاریوں اور بلا جواز پابندیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی ۔