الخدمت فائونڈیشن نے عالمی یوم مزدور پر پشاور کے 15 بے روزگار خاندانوں کے لیے روزگار کاانتظام کردیا

بدھ 1 مئی 2024 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) الخدمت فائونڈیشن کے تحت پشاور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 15 بےروزگار خاندانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے ہتھ ریڑھیاں اور ہرمحنت کش کو چھوٹے کاروبار کے لیے 55ہزار روپے مالیت کی مالی سپورٹ فراہم کردی گئی جس کے ذریعے مذکورہ افراد اپنے گھرانوں کی کفالت کے لیے اپنا کاروبار شروع کرسکیں گے۔

اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز الاسلامی سردار گڑھی جی ٹی روڈ پشاور میں الخدمت فاونڈیشن پشاور کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب کی زیرصدارت عالمی یوم مزدورکی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ممتاز عالم دین سابق چیف خطیب اور جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولانا محمد اسماعیل مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص،جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت اللہ،الخدمت پشاور کے جنرل سیکرٹری ملک پرویز خان الخدمت کےصوبائی سینئرپروگرام منیجر محمد وسیم اور صوبائی میڈیا منیجرنورالواحدجدون سمیت دیگر مقامی قائدین نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر پشاور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 15محنت کشوں کو سبزی، فروٹ،مشروبات،مچھلی، ڈرائی فروٹ ،کھانے پینے کے سٹالز اور دیگر چھوٹے اور باعزت روز گار کے آغاز ک لیے ہتھ ریڑھیاں اور مالی تعاون فراہم کیاگیا۔