کراچی ایئرپورٹ سے 19 کروڑ روپے مالیت کے ساڑھے 9 کلو سونے کی سمگلنگ ناکام

کراچی سے براستہ دبئی جنوبی افریقہ جانے والی فیملی کو جناح ایئرپورٹ پر روک کر ان کے سامان کی تلاشی لی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 مئی 2024 10:45

کراچی ایئرپورٹ سے 19 کروڑ روپے مالیت کے ساڑھے 9 کلو سونے کی سمگلنگ ناکام
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 19 کروڑ روپے مالیت کے ساڑھے 9 کلو سونے کی سمگلنگ ناکام بنادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد جنوبی افریقی مسافروں سے بھاری مقدار میں سونا اس وقت برآمد ہوا جب کراچی سے براستہ دبئی جنوبی افریقہ جانے والی فیملی کو روک کر ان کے سامان کی تلاشی لی گئی، جس کے نتیجہ میں مذکورہ فیملی کے قبضے سے 19 کروڑ روپے مالیت کے ساڑھے 9 کلو گرام سونے کے زیورات اور سکے برآمد ہوئے، کسٹمز حکام نے یہ زیورات اور سکے تحویل لے کر ضبط کرلیے، ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا، حراست میں لیے جانے والے افراد میں جنوبی افریقی پاسپورٹس کی حامل پاکستانی نژاد 6 رکنی فیملی میں 5 خواتین اور ایک مرد شامل ہے، جن سے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ کلکٹریٹ آف کسٹمز نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں سمگل کیا جانے والا سونا برآمد کرلیا، اس حوالے سے سمگلنگ کی اطلاع موصول ہونے پر کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹ شفیق احمد لاٹکی نے ایڈیشنل کلکٹر ایئرپورٹ فیصل خان کو اس ممکنہ سمگلنگ کو ناکام بنانے کا ٹسک دیا، اس مقصد کے لیے انہیں خصوصی ہدایات اور احکامات بھی جاری کیے۔

معلوم ہوا ہے کہ کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹ فیصل خان نے بین الاقوامی ڈپارچر لاؤنج پر تعینات کسٹمز کے عملے کو پہلے سے زیادہ متحرک کردیا اور انہیں تمام میسر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس ممکنہ سمگلنگ کو یقینی طور پر ناکام بنانے کی ہدایات کردی، انہوں نے خود بھی اس سارے عمل اور کارروائی کی نگرانی کی۔