این اے 128 لاہور سے عون چوہدری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر سماعت 7 مئی تک ملتوی

جمعرات 2 مئی 2024 22:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 128 لاہور سے عون چوہدری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 7 مئی تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے سنی اتحاد کونسل کے رہنما اور این اے 128 لاہور سے آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

سلمان اکرم راجہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے عون چودھری کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کی درخواست دائر کی۔ الیکشن کمیشن نے ہماری درخواست پر ٹربیونل سے رجوع کرنے کا فیصلہ دیا۔ قانون کے مطابق ہماری درخواست کا دائرہ اختیار ہائیکورٹ کا بنتا ہے، عدالت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس کیس کے حوالے سے ایک دوسرے وکیل کی خدمات حاصل کی ہیں لہٰذا کچھ وقت دیا جائے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 7 مئی تک ملتوی کر دی۔