Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب اور محمد نواز شریف کی حافظ آباد آمد، سائرہ افضل تارڑ سے والد کی وفات پر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کی

جمعرات 2 مئی 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) وزیراعلی پنجاب پارٹی قائد محمد نواز شریف کے ہمراہ رہنمامسلم لیگ (ن) وممبر قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کی رہائش گاہحافظ آبادپہنچ گئیں۔مریم نواز اور قائد محمد نواز شریف نے سائرہ افضل تارڑ سے ان کے والد و پارٹی رہنما افضل تارڑ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا، مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیر اعلی نے سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اہل خانہ کو دلاسہ دیا،قائد محمد نواز شریف نے بھی سائرہ افضل تارڑ کو سر پر ہاتھ رکھ کر دلاسا اور صبر کی تلقین کی۔ مریم نواز اور محمد نواز شریف نے مرحوم افضل حسین تارڑ کی عوامی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ،محمد نواز شریف نے کہا کہ افضل حسین تارڑ میرے دیرینہ دوست اور سرگرم پارٹی رکن تھے،افضل تارڑ نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی، دلوں میں رہیں گے،مسلم لیگ ن خاندان کی طرح اور پوری پارٹی افضل حسین تارڑ کی وفات پے رنجیدہ ہے،افضل حسین سچے پاکستانی اور بہترین لیگی کارکن تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مرحوم افضل تارڑ قائد محمد نوازشریف کے وفاشعار ساتھی اور شفیق بزرگ تھے،مرحوم کی سیاسی اور پارٹی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس موقع پروزیر اعلی مریم نواز اور پارٹی قائد محمد نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے مقامی کارکنان سے ملاقات بھی کی۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، ممبر قومی اسمبلی منیبہ اقبال، ارکان پنجاب اسمبلی شاہد بھٹی، میاں عون انتظار بھٹی، میاں انتظار، بلال فارق، بابر حیات تارڑ، مظفر حسین تارڑ، احمد بخش تارڑ اور مختار احمد خان بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات