سوشل پروٹیکشن آرڈیننس کی منظوری پسے ہوئے طبقات کے احساس محرومی کے خاتمے کیلئے اہم قدم ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 3 مئی 2024 20:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2024ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ سوشل پروٹیکشن آرڈیننس کی منظوری آزادکشمیر کے پسے ہوئے طبقات کے احساس محرومی کے خاتمے کی طرف امید کی پہلی کرن ہے، یہ ایوان عوام کے بنیادی حقوق کا سب سے سے بڑا محافظ ہے، کسی نے بھی انڈوومنٹ فنڈ میں گڑ بڑ کی گئی تو اسے نشان عبرت بنایا جائے گا۔

ریاست کے ہر شہری کے جان و مال اور عزت نفس کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت اور قومی سلامتی کے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں آزادکشمیر سوشل پروٹیکشن آف وولنرایبل پاپولیشن آرڈیننس 2024ء کی منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شفافیت پر جس دن بھی کسی نے انگلی اٹھائی تو اسی دن چھوڑ کر چلا جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ 20 اپریل 2023ء کے بعد کسی جگہ بھی کرپشن کی نشاندہی پر کارروائی کروں گا ، ای ٹینڈرنگ سے 3 ارب سے زائد کی بچت ہوئی ہے، وزیراعظم سیکرٹریٹ کی 110 آسامیاں سرنڈر کی ہیں، پہلی دفعہ وزیراعظم سیکرٹریٹ کا نصف بجٹ سرنڈر کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی جتھے کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے لیکن امن وامان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایف سی کی تعیناتی مختلف علاقوں میں غیرملکیوں کی حفاظت کیلئے ہوئی ہے۔