بیوی پر تیزاب پھینکنے والے شوہر کو 14 سال قید کی سزا سنادی گئی

عدالت نے 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، یہ رقم شکایت کنندہ کو معاوضے کی مد میں دی جائے گی بصورت دیگر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 مئی 2024 15:11

بیوی پر تیزاب پھینکنے والے شوہر کو 14 سال قید کی سزا سنادی گئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی عدالت نے بیوی پر تیزاب پھینکنے والے شوہر کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ایسٹ) محمد الیاس میمن نے کوثر عباس کو اپنی بیوی صائمہ پر تیزاب پھینکنے کے جرم میں مجرم قرار دیا، جس پر عدالت نے اس پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جج نے حکم دیا کہ یہ رقم شکایت کنندہ کو معاوضے کی مد میں دی جائے بصورت دیگر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

اس حوالے سے سرکاری وکیل کبریٰ سید نے بتایا کہ شکایت کنندہ صائمہ نے ہسپتال میں ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں بتایا اس کا شوہر نشہ کا عادی تھا اور اکثر اس سے منشیات خریدنے کے لیے پیسے مانگتا تھا، اس کے رویے کی وجہ سے وہ ان کا گھر چھوڑ کر اپنے بھائی کے پاس رہنے لگی، ایک دن میرا شوہر گھر آیا اور منشیات خریدنے کے لیے مزید رقم کا مطالبہ کیا تاہم جب میں نے انکار کیا تو اس نے مجھے دھمکی دی اور مجھ پر تیزاب کی بوتل پھینک دی جس سے میں جھلس کر زخمی ہوگئی۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں خاکروب کی جانب سے لیڈی ڈاکٹر کو جنسی ہراساں کرنے اور تیزاب پھینکنے کی دھمکی دی گئی، تھانہ گنجمنڈی پولیس نے لیڈی ڈاکٹر کی مدعیت میں خاکروب کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، مقدمے کے متن میں لیڈی ڈاکٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہسپتال میں خاکروب محمد افضال چار ماہ سے ہراساں کر رہا ہے، میرے پاس سے گزرتے ہوئے غلط طریقے سے چھوتا اور دھمکیاں دیتا ہے، ملزم نے کسی کو بتانے پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی بھی دی ہے۔