ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ کا فیصل کریم کنڈی کو خیبر پختونخواہ کے گورنر کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد

اتوار 5 مئی 2024 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2024ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کو خیبر پختونخواہ کے گورنر کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق *ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ فیصل کریم کنڈی کا بطور گورنر خیبر پختونخواہ تقرر پارٹی قیادت، اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں کے قائدین کا ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے،فیصل کریم کنڈی ایک کہنہ مشق، زیرک اور مدبر سیاسی رہنما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی پاکستان پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور فیصل کریم کنڈی کی بطور گورنر تقرری ان کا پارٹی قیادت کے ساتھ دیرینہ وابستگی کا نتیجہ ہے۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کا بطور گورنر تقرر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نئے دور کا آغاز ثابت ہو گا اور انکی قیادت میں صوبے اور وفاق میں ہم آہنگی اور رابطوں کو فروغ ملے گا۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وہ فیصل کریم کنڈی کی کامیابی اور کامرانی کیلئے دعا گو ہیں۔