ٹاؤنز میونسپل کارپوریشن میں پینشن کا نظام بھیجنے سے بجٹ کا انتظام،متعلقہ شعبے کے قیام اور ادائیگی کے طریقہ کار کو طے کیا جائے،سجن یونین

بعض سیاسی بونے ناقص معلومات کی بنیاد پر بیان بازی کرکے اپنا قد اونچا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،کامیاب پینشنرز ریلی ودھرنے نے ایسے عناصر کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ترجمان

اتوار 5 مئی 2024 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2024ء) سجن یونین ٹاؤنز میونسپل کارپوریشنزکراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے ہونے والی پینشنرز یکجہتی ریلی اور دھرنے کی کامیابی نے ٹی ایم سیز کی نام نہاد یونینز کے سیاسی بونوں اور انکے آقاؤں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔وہ ناقص معلومات کی بنیاد پر اپنا قد بڑھانے اور اپنے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلیے بیان بازی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الائنس میں شامل یونینز کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔اس کے باوجود تمام سیاسی جماعتوں کے سنجیدہ حلقے ٹی ایم سیز کے پینشن کے نظام کو اسٹیم لائن کرنے سے قبل اس کی حتمی تاریخ کا تعین کرنے ،فنڈز کا بندوبست کرنے اور ادائیگی کے طریقہ کار کو طے کرنے سے قبل کے ایم سی سے ادائیگیاں جاری رکھنے پر الائنس کی قیادت سے متفق ہیں۔

(جاری ہے)

اس وجہ سیاور جائز مطالبات ہونے پر ماسوائے حکومتی جماعت کے دیگر سیاسی جماعتیں الائنس کے مطالبے کی تائید وحمایت کرتے ہیں۔

اور گزشتہ روز کا صرف 72 گھنٹے کے نوٹس پرہونے والاکامیاب دھرناالائنس کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ اس سلسلے میں جلد عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کیساتھ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے کے ایم سی اور ٹی ایم سیز کے ملازمین وپینشنرز کے مسائل انکے علم میں لائے جائیں گے۔انہوں نے میئر کراچی سے ایک بار پھر ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کے پینشن کیسز کی حتمی تاریخ دینے اور2017 سے ریٹائر ووفات یافتہ ملازمین کو ادائیگیاں کرنے کیلیے حکومت سندھ سے بیل آؤٹ پیکیج لانے کا مطالبہ کیا ہے۔