آزاد کشمیر میں بجلی فی یونٹ 3 روپے اور آٹا 50 روپے کلو ملے گا، نوٹیفکیشن جاری

آزاد کشمیر کے معاملات حل کرنے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے ذاتی دلچسپی لی،وزیراعظم آزاد کشمیرکی پریس کانفرنس، وزیر اعظم شہباز شریف کی مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فراہمی کی منظوری

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 13 مئی 2024 16:55

آزاد کشمیر میں بجلی فی یونٹ 3 روپے اور آٹا 50 روپے کلو ملے گا، نوٹیفکیشن ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مئی 2024) آزاد کشمیر میں بجلی کے نئے نرخ کے اطلاق کا نوٹی فکیشن جاری کردیا،100 یونٹ تک بجلی کی قیمت تین روپے فی یونٹ مقرر کردی گئی ،نوٹیفکیشن کے مطابق سو سے تین سو یونٹ تک پانچ روپے جبکہ تین سو سے زائد یونٹ چھ روپے فی یونٹ نرخ مقرر کئے گئے ہیں۔ کمرشل ایک سے تین سو یونٹ تک دس روپے جبکہ تین سو سے زائد یونٹ پندرہ روپے فی یونٹ نرخ مقرر ہوئے ہیں۔

محکمہ خوراک آزاد کشمیر نے 40 کلو گرام آٹے کے موجودہ نرخ 3100 میں 1100 کی کمی کر دی۔ آزاد کشمیر میں 20 کلو گرام آٹا اب ایک ہزار روپے میں دستیاب ہو گا۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کے مطابق آل جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات مان لئے گئے ہیں اور مطالبات کی منظوری سے متعلق معاہدہ بھی طے پاچکا ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئی۔

بعدازاں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے معاملات حل کرنے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے ذاتی دلچسپی لی۔ سستی روٹی اور بجلی ایسا مطالبہ ہے جن سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے،میں عوام کے مطالبات پاکستان کی سینیٹ میں لے کر گیا تھا۔ اس تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے کل آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی ممبران کو صدر ہاوس بلایا ان سے احوال لیا، میں مکمل اظہار یکجہتی پر صدر زرداری کا شکرگزار ہوں۔

آج شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس بلایا جس میں تمام اسٹیک پولڈرز نے شرکت کی، میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جو تحفظات تھے وہ سنیں اور کہا کہ پاکستان کا کشمیری عوام سے لازوال رشتہ اس کیلئے جو کچھ کرنا پڑے گاآج اور ابھی کروں اور اسی وقت نوٹیفکیشن جاری کروں گا، جو کام عرصہ دراز سے التوا کا شکار تھے وہ ہوگئے اور بجلی اور روٹی کے نوٹیفکیشن جاری کردئیے گئے۔

تمام سٹیک ہولڈرز نے اتفاق کیا کہ جس حد تک ممکن ہے اپنے اخراجات میں کمی لائیں گے لیکن کشمیریوں کے مطالبات دور کئے جائیں گے۔دریں اثناءوزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر خصوصی اجلاس کا انعقاد آج اسلام آباد میں ہواجس میں وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر، آزاد کشمیر حکومت کے وزراءاور اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراءاور اتحادی جماعتوں کے زعماءنے بھی شرکت کی، اجلاس میں حالیہ صورتحال کا مفصل جائزہ لینے کے بعد وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔کشمیری قیادت اور جملہ شرکاءنے وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔