سانبا،بھارتی پولیس کا گجر برادری کے افراد پر طاقت کا وحشیانہ استعمال ، متعدد زخمی

بدھ 15 مئی 2024 19:39

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع سانبا میں انسداد تجاوزات مہم کے خلاف احتجاج کرنے والے گجر برادری کے افراد پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہو گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی انتظامیہ نے ضلع کے علاقے باری برہمنہ میں بلول نالے کے قریب انسداد تجاوزات کی نام نہاد مہم شروع کر رکھی ہیں ۔

(جاری ہے)

اب تک کم از کم 20 ایکڑ اراضی پر قبضہ کرلیا گیا ہے اور مسلم گجر برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم 40 مکانات مسمار کر دیے ہیں ۔ گجر برادری کے متاثرہ لوگوں نے مہم پر شدید احتجاج کیا ۔ پولیس نے مظاہرین پر شدید لاٹھی چارچ کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو ئے۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کے پتھرائو کیوجہ سے چند پولیس اہلکار بھی زخمی ہو ئے ہیں۔مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے کشمیریوں کی زمینوں ، مکانوں اور دیگر املاک پر قبضے کی مذموم کارروائی تیز کر دی ہے ۔