Live Updates

وزیر اعلی پنجاب سے کسانوں کے مسائل ،گندم کی خریداری کے حوالے سے بات کروں گا‘ گورنر سلیم حیدر

بدھ 15 مئی 2024 23:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) گورنر پنجاب سلیم حیدر خاں نے مقامی ہوٹل لاہور میں فریڈرک ایبرٹ سٹیفنگ کے زیر اہتمام منعقدہ نیشنل لیبر کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں کنٹری ڈائریکٹر(ایف ای ایس)ڈاکٹر المت کریمی، کنٹری پروگرام ایڈوائزر عبداللہ دایو،چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن اقبال احمد دیتھو،صغیر بخاری، سینئر مزدور رہنما خالد محمودسمیت ملک بھر سے آئے مزدور قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی معیشت کا پہیہ مزدور کی محنت سے ہی چلتا ہے اور پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کی مضبوط آواز رہی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی ملک میں مزدور کی جدوجہد اور حقوق کی نیاد رکھی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مزدوروں کے وقار، حقوق اور فلاح و بہبود کے عزم پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25مئی 1990تاریخی لمحہ تھا جب میری قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جرمنی کے سابق وزیر اعظم ولی برینڈ کے ساتھ وزیر اعظم ہائوس میں فریڈرک ایبرٹ۔سٹیفٹنگ (ایف ای ایس)پاکستان کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت خاص طور پر صدرآصف علی زرداری اور چیئر مین بلال بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ جیسے ورکر کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سب سے اچھے لیبر قوانین ذوالفقار علی بھٹو نے بنائے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو نے مزدوروں کے وہ تمام حقوق بحال کئے جو ایک آمر نے جابرانہ طور پر ان سے چھین لیے تھے۔ شہیدبے نظیر بھٹو نے اپنے مختصر ادوار حکومت کے باوجود پسماندہ طبقات کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے انتھک کاوشیں کی اور بے شمار نوکریاں دیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو یوسف رضا گیلانی نے لیبر یونین کو بحال کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مزدوروں کی ڈیرھ سو فیصد تنخواہیں بڑھائیں اورپینشنز کو دوگنا کیاجبکہ باقی حکومتوں نے رو رو کر آٹھ سے دس فیصد تنخواہیں بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مزدور کے لیے اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لیبر کے حقوق کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ بتیس ہزار کا کہا مگر افسوس اس کو یہ بھی نہیں ملتی۔گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ ہم نے ملک کی بہتری کے لئے مثبت کردار ادا کرنا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مزدور آج بھی دعا کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آجائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کاخاندان ہی مزدور سے محبت کرنے والا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بے نظیر نے جو مزدور کے حقوق کا تحفظ کیا وہ آج تک یاد رکھے جارہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ2008 سے 2013 تک مزدور یونینز کی بحالی کا دور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت میں ہم نے قادر مندوخیل کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی اور برطرف ملازمین کے لیے جد و جہد کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کی ہی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ1997 سے میں ورکر ہوں اور مسلسل جدوجہ کے بعد یہاں تک پہنچا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں جب چاہیں گورنر ہاوس آسکتے ہیں۔بعد ازاں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، انہوں نے مجھے گورنر پنجاب بننے پر مبارکباد دی ہے، انشا اللہ اسی ہفتے وزیر اعظم سے ملاقات ہوگی جبکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے بھی رواں ہفتے ان کی ملاقات متوقع ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات میں پنجاب کے مسائل،انکے حل اور امن و امان کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سے کسانوں کے مسائل اور گندم کی خریداری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ پنجاب میںترقیاتی کاموں اور پارٹی کارکنوں کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات