بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم کررکھا ہے ، نیشنل کانفرنس

ہفتہ 18 مئی 2024 14:47

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم کررکھا ہے اور علاقے کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس جموں خطے کے صدر رتن لال گپتانے پونچھ شہر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اپنے کھوکھلے وعدوں سے عوام کوبے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے، کشمیری اس وقت شدیدمشکلات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے باعث عام افراد کا جینا دوبھر ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال کے دوران بے روزگاری نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں ، بدعنوانی عروج پر ہے، بھرتیوں کے گھپلے سب کے سامنے ہیں، کسانوں کو بھاری نقصان ہو رہا ہے اور صحت کی سہولیات کے فقدان نے بھی غریب آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے۔