بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعہ حقائق ہرگز چھپا نہیں سکتی، تجزیہ نگار

ہفتہ 18 مئی 2024 15:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) بی جے پی کی بھارتی حکومت متعصب اور جانبدار میڈیا کے ذریعے مقبوضہ جموںوکشمیر میں امن اور ترقی کے بارے میں جھوٹی رپورٹیں شائع اور نشر کر کے دنیا گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تجزیہ نگاروں اور مقبوضہ علاقے کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والوں نے نا م ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سرینگرمیں اپنے انٹرویوز میں کہا کہ ہندوتوا بی جے پی حکومت اپنے پروپیگنڈہ میڈیا کے ذریعے سچائی اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے تاہم وہ مقبوضہ علاقے کی اصل صورتحال عالمی برادری کی نظروں سے ہرگز پوشیدہ نہیں رکھ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت یہ پروپیگنڈہ کر رہی ہے کہ اگست2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے علاقے میں امن اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے جو محض ایک جھوٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ زندگی کے تمام شعبے زوال کا شکار ہیں ، کشمیریوں کے مصائب و مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ ترقی کے ہرگز خلاف نہیں لیکن کشمیریوں کا اولین مطالبہ اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کی فراہمی ہے اور جب تک انہیں یہ حق نہیں دیا جاتا خطے میں امن وترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے محض فوجی طاقت کے بل پر جموںوکشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے، لوگ بھارتی فورسز اہلکاروں کی موجودگی میں کرائے جانے والے پارلیمانی انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ہے ، اس طرح کے انتخابات حق خود ارادیت کا ہرگز متبادل نہیں جو کشمیریوں کا بنیادی مطالبہ ہے اور جسکے لیے وہ بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کشمیریوں سے انکے گھر ، اراضی اور دیگر املاک چھین رہی ہے ، علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہی ہے ، اس نے کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کررکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کے فروغ کے ذریعے ہی اپنے خلاف جاری سازشوں کا مقالبہ اور اپنی منفرد شناخت کا تحفط کر سکتے ہیں۔