پونچھ میں نیشنل کانفرنس کی ریلی کے دوران چاقوئوں سے حملہ ، تین افراد زخمی

اتوار 19 مئی 2024 17:50

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں نیشنل کانفرنس کی ایک انتخابی ریلی کے دوران چاقوئوں کے حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے ایک رہنما نے بتایاکہ نامعلوم حملہ آوروں نے پارٹی کی ریلی پر چاقو ئوںسے حملہ کیا جس سے افراتفری پھیل گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حملے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔تینوں زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا۔ایک شدید زخمی کی شناخت سہیل احمد کے نام سے ہوئی ہے جوقصبہ مینڈھرکا رہائشی ہے۔ نیشنل کانفرنس نے ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔