مظفرآباد،بلدیاتی اداروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے اور بلدیاتی نمائندگان کی عزت نفس کو مزید مستحکم کرنے کے لیے خوشخبری

اتوار 19 مئی 2024 17:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بلدیاتی اداروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے اور بلدیاتی نمائندگان کی عزت نفس کو مزید مستحکم کرنے کے لیے خوشخبری سنا دی۔ بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری کر دیے گئے۔ پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ کونسلر اور ڈسٹرکٹ ممبران کو 10،10 لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں یونین کونسل، تحصیل اور ٹاؤن کمیٹی کے ممبران کو بھی دس، دس لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔

بلدیاتی ادارہ جات کو اس وقت تک ایک ارب روپے حکومت آزاد کشمیر فراہم کر چکی ہے۔ جس کا سہرا حکومت ازاد کشمیر کے سر نہ باندھنا سراسر زیادتی ہوگی۔ گزشتہ روز وزیر بلدیات ودیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی ادارہ جات کے نمائندگان کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے بھی قانون سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس قانون کے تحت ان تمام امیدواران کو سالانہ گرانٹ مہیا کی جاتی رہے گی۔ اس کے علاوہ بھی قانون سازی کر رہے ہیں کہ تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کو پینشن سمیت ماہانہ تنخواہ بھی دی جائے۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ میری سربراہی میں بنائی جانے والی کمیٹی دن رات کام کر رہی ہے۔ ریاستی عوام کو جلد ان کے منتخب بلدیاتی نمائندگان کی عزت نفس کی بحالی کے حوالہ سے بڑی خوشخبری سنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کا ویژن ریاست کی تعمیر و ترقی و خوشحالی ہے جس کے لیے بڑے بڑے منصوبہ جات لگا رہے ہیں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ بھاری فنڈز جو ریاستی تعمیر و ترقی کے لیے فراہم کیے گئے ہیں وہ زمین پر دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ کی جانب سے دی جانے والی تمام ترقیاتی سکیموں کو 15 جون تک مکمل کر کے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ نئے ترقیاتی بجٹ میں ان لوگوں کو سکیمیں دی جائیں گی جو پہلی سکیموں کو بروقت مکمل کر کے رپورٹ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام ممبران اسمبلی کو برابری کی بنیاد پر فنڈز مہیا کیے جا رہے ہیں۔ وہ منتخب ایم ایل ایز اور بلدیاتی نمائندگان عوامی نمائندے ہیں وہ عوام ہی کی بات کرتے ہیں۔ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تمام ترقیاتی فنڈز انہی کی مدد سے خرچ کیے جائیں گے۔

راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کو روزگار سے وابستہ کرنے سمیت بے روزگاری کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کمر بستہ ہیں۔ اب صرف نعرے نہیں بلکہ عملی کام کی طرف حکومت متوجہ ہو چکی ہے۔ ہم نے پہلے بھی ریاست کی بات کی ریاستی عوام کے حقوق کی بات کی اور آئندہ بھی ریاست اور ریاستی عوام کے حقوق کی بحالی اور حفاظت کے لیے کام کرتے رہیں گے۔