Live Updates

اسمبلی میں بیٹھ کر کمی کوتاہیوں کو دور کرنا چاہیے،گورنر پنجاب

مولانا فضل الرحمان ایک سینئر لیڈر ہیں،وہ اپنے تحفظات کو ٹیبل پر لائیں ان کے تحفظات اپنی جگہ پر درست ہیں ،گھر میں بھی 6 لوگوں کے درمیان گلہ شکوہ ہوجاتا ہے،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 20 مئی 2024 17:48

کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2024 ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں بیٹھ کر کمی کوتاہیوں کو دور کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان ایک سینئر لیڈر ہیں،سربراہ جمعیت علماءاسلام (ف)اپنے تحفظات کو ٹیبل پر لائیں ان کے تحفظات اپنی جگہ پر درست ہیں ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار قائد پر حاضری دی۔ گورنر پنجاب نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔گورنر پنجاب نے مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے ملک کا نقصان ہو۔گھر میں بھی 6 لوگوں کے درمیان گلہ شکوہ ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان کی نمائندگی اسمبلی میں موجود ہے۔

مولانا فضل الرحمان سے ہمارے قریبی تعلقات ہیں ۔امید ہے وہ اپنی بات سڑکوں پر کرنے کی بجائے ٹیبل پر بیٹھ کرکریں گے اور ان کے گلے و شکوے دور کئے جائیں گے ۔سیاست میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہیں۔ملک میں سیاسی استحکام اسی وقت آئیگا جب تمام سیاسی قوتوں آپس میں متحد ہو نگی۔ملک نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے انتشار کی سیاست کرتی آئی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا مودی سے ہاتھ ملا لوں گا پاکستان کے سیاستدانوں سے نہیں۔یہ وقت آپس میں لڑائی جھگڑے کا نہیں بلکہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ہم سب کو ایک جگہ جمع ہونا ہوگا۔ قائداعظم نے اپنی محنت سے ہمیں پاکستان جیسا تحفہ دیا۔ میں نوڈیرو بھی جاﺅں گا اور وہاں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر بھی حاضری دونگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات