۹کرغستان میں پھنسے بلوچستان کے طالب علموں کی واپسی کے لئے وزارت دفاع سے طیارہ طلب کر لیا گیا ہے ، وزیر اعلیٰ

منگل 21 مئی 2024 20:05

o کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2024ء) وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کرغستان میں پھنسے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کی واپسی کے لئے وزارت دفاع سے طیارہ طلب کر لیا گیا ہے یہ فیصلہ نجی ائیر لائنز میں نشستوں کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے طالب علموں کی واپسی کے تمام تر فضائی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی طلبہ کی معاونت و رہنمائی کے لئے اراکین صوبائی اسمبلی بخت کاکڑ اور میر زرین مگسی موجود ہوں گے منگل کو وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ سے جاری ایک اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت بلوچستان نے وزرات دفاع کو طیارے کی فراہمی کے لئے مراسلہ ارسال کردیا ہے اور بہت جلد یہ طیارہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کو لینے بیشکیک جائے گا وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر طلبہ کی رہنمائی کے لئے اراکین صوبائی اسمبلی بخت محمد کاکڑ اور میر زرین مگسی کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے اعلامیہ کے مطابق چیف منسٹر کوآرڈینیشن ڈیسک کو ابتک 95 طالب علموں کے اعداد و شمار موصول ہوئے ہیں جبکہ کچھ والدین ذاتی طور پر بھی وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ تشریف لائے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کرغستان میں پھنسے بلوچستان کے طالب علموں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کی روشنی میں تمام تر ضروری کارروائی مکمل کی جاررہی ہے اور بہت جلد خصوصی طیارہ طلبہ کو لینے کے لئے بشکیک جائے گا۔