Live Updates

عدلیہ کو پریشرائز کرنے کیلئے مہم چل رہی ہے

شہبازشریف کا بیان کہ عدلیہ میں کالی بھیڑیں ہیں تو کاروائی کیوں نہیں کرتے؟ پوری قوم عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کے ساتھ کھڑی ہے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 29 مئی 2024 18:24

عدلیہ کو پریشرائز کرنے کیلئے مہم چل رہی ہے
اسلام آباد ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ عدلیہ کو پریشرائز کرنے کیلئے مہم چل رہی ہے، شہبازشریف کا بیان کہ عدلیہ میں کالی بھیڑیں ہیں تو کاروائی کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عدلیہ کو پریشرائز کرنے کیلئے جو مہم چل رہی ہے اس میں شہباز شریف کا بیان کہ عدلیہ میں کالی بھیڑیں ہیں۔

تو اگر موصوف کو پتا ہے توان کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کرتے، یا سپریم کورٹ کو ان کے خلاف ریفرنس کیوں نہیں بیجھتے۔ عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی جو مہم چلائی جا رہی ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس مہم کے خلاف وکلاء اور قانون دان آخر خاموش کیوں ہیں؟ یا وہ کس مصلحت کا شکار ہیں؟ جو عدلیہ کی آزادی کے گن گاتے تھے۔

(جاری ہے)

اس میں سب سے بڑی زمہ داری وکلاء کی بنتی ہے کہ وہ عدلیہ کا تحفظ کریں۔

پوری قوم عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کیلئے عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب مقدّمے کی کارروائی مکمل ہونے کے باوجود عدّت کیس کا فیصلہ سنانے سے گریز پر شدید ردّعمل کا اظہار کردیا گیا، پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی محترمہ اہلیہ کے خلاف بیہودہ ترین عدّت کیس میں فیصلہ سنانے کی بجائے مقدمے کی کارروائی کسی دوسری عدالت کو منتقل کیے جانے کو انصاف کے منافی اور یکسر ناقابلِ قبول قرار دے کر مسترد کرتے ہیں۔

پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عدّت کیس انسانی تاریخ کا سب سے بھونڈا، بیہودہ اور کلیتاً ایک گھٹیا مقدمہ ہے جس کے ذریعے انصاف کے پورے نظام اور فلسفے کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی محترمہ اہلیہ کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور ناحق قید کرنے کیلئے انصاف کی دھجیاں اڑا کر دو دن میں سزا سنائی گئی، مقدمے پر تیز ترین عدالتی کارروائی کے دوران بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کے وکلاء کو جرح کے بنیادی حق تک سے محروم کیا گیا۔ 
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات