مسلم کانفرنس تحریک آزادی کی علمبردار ہے ،سردارعتیق احمدخان

کشمیر کے ماضی ،حال ،مستقبل کی تاریخ سے مسلم کانفرنس کا نام حذف نہیں کیاجاسکتا،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 5 جون 2024 19:01

مظفرآباد/غازی آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کی علمبردار ہے اور کشمیر کے ماضی ،حال اور مستقبل کی تاریخ سے مسلم کانفرنس کا نام حذف نہیں کیاجاسکتا۔ان خیالات کااظہار صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے دھیرکوٹ میں سابق رکن اسمبلی اور سردار محمدعبدالقیوم خان کے چھوٹے بھائی سردار عبدالغفار خان کی برسی کی اختتامی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ سردار عبدالغفار خان تحریک آزادی کے سپاہی اور مجاہد اول کے دست راست تھے۔ جنہوں نے آزادکشمیر میں جمہوری اقدار کی سربلندی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کارکنوں کو عزت دی ہے کیونکہ کارکن ہی کسی جماعت کا سرمایہ ہوتے ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ مسلم کانفرنس کے کارکن مجاہد اول کے پیغام کو عام کریں اور اس خطے کو پاکستان کا بازوئے شمشیرزن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کاضامن ہوسکتا ہے۔ اور رپاکستان کی مخالفت کرنے والے حقیقت میں کشمیر کی آزادی نہیں چاہتے۔انہوں نے کہاکہ سردار عبدالغفار خان جیسے جرات مند اور دلیر سپاہی قوموں کا سرمایہ ہوتے ہیں۔برسی کی تین روزہ تقریبات منعقد کی گئیں جس میں دعائیہ تقریب ،قرآن خوانی کی گئی اور لنگرتقسیم گیا۔اس موقع پرسردارعبدالغفار خان کے صاحبزادے میجرریٹائرڈنصراللہ خان نے برسی کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کاشکریہ ادا کیا۔