صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا ورلڈ ٹرانسپلانٹ ڈے کے موقع پر خیبر میڈیکل گرلز کالج میں تقریب سے خطاب

جمعرات 6 جون 2024 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2024ء) وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے ورلڈ ٹرانسپلانٹ ڈے کے موقع پر خیبر میڈیکل گرلز کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں غیر قانونی انسانی اعضاء کی پیوندکاری کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے میڈیکل ٹرانسپلانٹیشن ریگولیٹری اتھارٹی کا کردار قابل ستائش ہے ۔اتھارٹی نے ٹرانسپلانٹیشن کرنے کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کے ساتھ ہسپتالوں کا اندراج بھی کرنا شروع کیا ہے۔

تقریب کے دیگر شرکا میں اسلامک سکالر ڈاکٹر قبلہ آیاز، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سعداللہ محسود، ڈاکٹر زاہد امان ڈین خیبر میڈیکل کالج، ڈاکٹر آصف ملک ایڈمنسٹریٹر خیبرپختونخوا میڈیکل ٹرانسپلانٹیشن ریگولیٹری اتھارٹی و دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس اور ایف آئی اے کے باہمی تعاون سے اتھارٹی غیر قانونی اعضاء کی پیوندکاری اور اعضاء کی خریدوفروخت کو روکنے میں کامیاب رہی ہے۔

موجودہ دور میں گردوں اور جگر کی پیوندکاری کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ گردے ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے فیل ہوتے ہیں جس کے تدارک کیلئے لیو ویل کے نام سے اقدام شروع کرنے جارہے ہیں۔ سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں جگر کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ہیپاٹائٹس کی وجہ سے جگر کی پیوند کاری ضروری ہوجاتی ہے۔

پاکستان میں سالانہ ٹرانسپلانٹیشن کے ضرورت مند مریضوں کی تعداد تقریبا 10 ہزار ہے جبکہ پورے ملک میں صرف 1500 سے 2000 ٹرانسپلانٹ آپریشن کیے جاتے ہیں۔ اس لیے ٹرانسپلانٹیشن کے لیے اعضاء کی فراہمی اور طلب میں فرق ہے۔ بعد از مرگ اعضا ء کے عطیہ کے پروگرام کی اشد ضرورت ہے، اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب اور ایران جیسے ممالک میں بھی بعد از مرگ اعضاء کے عطیہ دینے والے پروگرام موجود ہیں۔

امید ہے کہ ہماری ٹرانسپلانٹ ٹیم عنقریب اعضاء کے عطیہ پروگرام کو متعارف کرنے میں کامیاب ہو گی۔ حکومت انتہائی نگہداشت کے تمام یونٹوں والے ہسپتالوں کو جدید طرز پر لانے کے لئے کو شاں ہے۔ تاکہ بعد از مرگ اعضاء کی پیوندکاری کے پروگرام کو کامیاب بنائے۔ اس بابت ڈونر کارڈ سکیم کا انعقاد بھی کیا جاچکا ہے۔ صو بے کے عوام اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کو کا میاب بنا ئیں۔