کٹھوعہ میں ایک شخص کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ،ہائی وے، ریلوے ٹریک بلاک

منگل 11 جون 2024 14:13

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں گزشتہ رات ضلع کٹھوعہ میں ہیرانگر کے علاقے میلا میں ایک 35 سالہ شخص امرجیت شرما کو اس کے گھر کے قریب گلا کاٹ کر بے رحمی سے قتل کیا گیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق امرجیت کے قتل پر علاقے کے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اورسوگوار رشتہ داروں اور ہمسایوں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہائی وے اور ریلوے ٹریک کو بند کردیا۔

مظاہرین نے شرما کی لاش اٹھاکر،نعرے لگاتے ہوئے مجرموں کی فوری گرفتار ی کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے سے ٹریفک اور ٹرین کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ۔پولیس اور سرکاری افسران نے مداخلت کرکے واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی اور مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

قتل کی تحقیقات اور ملزموں کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔

امرجیت شرما کا قتل اس بات کی یاد دہانی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تشدد اور قتل ایک معمول بن چکاہے۔ حالیہ دنوں میں علاقے میں ٹارگیٹ کلنگ میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں متعدد شہری گولیوں کا نشانہ بنے ۔ قتل وغارت میں اضافے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی زندگی کے تحفظ میں نظام کی ناکامی کی عکاسی ہوتی ہے۔