ٹ*شاندار بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو مبارکباد

جمعرات 13 جون 2024 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2024ء) صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے مالی سال 2025-2024 کا شاندار بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور اس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جو صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

صوبائی وزیر معدنیات نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے کے لیے اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جس سے وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے غریب طبقے کے لیے خصوصی رعایتیں دی گئی ہیں، جو کہ ایک قابل ستائش اقدام ہے۔زرعی سیکٹر کی ترقی کے لیے بجٹ میں تاریخی اضافہ کیا گیا ہے اور کاروباری طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف دیا گیا ہے، جسے وزیراعلیٰ کا اہم اقدام قرار دیا گیا ہے۔

سردار شیر علی گورچانی نے کہا کہ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے حکومت کی انقلابی پالیسیاں عوام میں پذیرائی حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی توقعات پر پورا اترنے والا بجٹ پیش کیا ہے، جو کہ نہ صرف صوبے کی معاشی حالت کو مستحکم کرے گا بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا۔