سابق وزیراعلی پرویزالٰہی سمیت دیگر کیسزمیں نیب لاہور کی ریکوری، 9کروڑ 33 لاکھ روپے قومی خزانہ میں جمع

جمعہ 14 جون 2024 16:36

سابق وزیراعلی پرویزالٰہی سمیت دیگر کیسزمیں نیب لاہور کی ریکوری، 9کروڑ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2024ء) نیب لاہور میں زیرتحقیقات اہم کرپشن کیسز میں ہونے والے ریکور ہونے والے 9کروڑ33لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کر ادئیے گئے ۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں نیب لاہور بیورو میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میںسابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف کیس، پان پتہ ریفرنس، بینک آف پنجاب سکینڈل اور انوویٹو انویسٹمنٹ بینک سکینڈل میں نیب لاہور کی جانب سے مجموعی طور پرریکور کئے گئے 9کروڑ 33لاکھ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کروادی گئی ۔

صوبائی سطح کی کیسز میں سابق وزیراعلی پنجاب، چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف تحقیقات میں ملزمان سے پلی بارگین کی مد میں وصول 4کروڑ 60لاکھ مالیت سمیت دیگر مقدمات میں ہونے والی مجموعی 8کروڑ 57لاکھ مالیت کی ریکوری پر مشتمل چیک ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، عبدالسلام کے حوالہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وفاقی سطح کے کیسز جن میں پان پتہ سکینڈل میں ریکور 30لاکھ مالیت کا چیک ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز اعجاز شہید نے وصول کیا۔

ڈی جی نیب لاہور نے نیشنل بینک آف پاکستان سکینڈل میں ریکور ہونے والی27لاکھ مالیت کا چیک مینیجر نیشنل بینک، شاہ پور برانچ کے حوالہ کیا۔ تقریب میں انوویٹو بینک سکینڈل میں ریکور ہونے والا18لاکھ 87ہزار مالیت کا چیک ممبر لیکویڈیشن بورڈ خواجہ وحید رضا کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر نیب کے سینئر افسران و متعلقہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے کہا کہ قومی سرمایہ کی حفاظت نیب کا نصب العین ہے۔

نیب کرپشن کیسز میں ملزمان سے ریکور ایک ایک پائی انتہائی ذمہ داری سے قومی خزانہ میں جمع کرواتا ہے جبکہ عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات میں ملزمان سے برآمد مکمل رقم متعلقہ متاثرین کے حوالہ کی جاتی ہے۔ اس ضمن میں نیب لاہور مجموعی طور پر اربوں روپے متاثرین اور قومی خزانہ میں جمع کروا چکا ہے جو آن ریکارڈ ہے۔