مصنوعی دانت لگا کر قربانی کے جانور بیچنے والے میاں بیوی گرفتار

بیوپاری میاں بیوی حیدر آباد سے کراچی جانوروں کی فروخت کے لیے آئے تھے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 15 جون 2024 12:54

مصنوعی دانت لگا کر قربانی کے جانور بیچنے والے میاں بیوی گرفتار
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مصنوعی دانت لگا کر قربانی کے جانور فروخت کرنے والے میاں بیوی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے شہر قائد کے علاقہ گلبرگ چورنگی کے پاس قربانی کے بکروں کو مصنوعی دانت لگانے والے میاں بیوی کو حراست میں لیا، بیوپاری میاں بیوی کے حوالے سے خریدار کو جانوروں کے دانتوں پر شک ہوا جانچ کے دوران ان کا یہ شک یقین میں بدل گیا اور انہوں نے پولیس کو آگاہ کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ بیوپاری میاں بیوی کے خلاف شکایت ملنے کے بعد سمن آباد پولیس سٹیشن کے اہلکاروں کی جانب سے بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں پولیس نے بیوپاری میاں بیوی کو 7 بکروں سمیت گرفتار کرلیا، جن کے بارے میں پتا چلا کہ یہ بیوپاری میاں بیوی حیدر آباد سے کراچی جانوروں کی فروخت کے لیے آئے تھے جنہوں نے گرفتاری کے بعد پولیس کو بیان میں بتایا کہ مصنوعی دانتوں کے حوالے سے ہم بھی لاعلم ہیں ہم تو خود فراڈ کا شکار ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نوٹیفائیڈ منڈیوں کے علاوہ کہیں بھی قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگادی، دفعہ 144 کا اطلاق امن و امان کے قیام، ٹریفک کی روانی، انسانی جانوں اور ماحول کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے، پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی، محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ 23 جون تک کیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں نوٹیفائیڈ منڈیوں کے علاوہ قربانی کے جانور فروخت کرنے، عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، صوبہ بھر کے دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جانوروں کا فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول، نالیوں یا کینال میں پھیکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوئی ہے۔