دنیا کے سب سے بڑے الیکٹرک طیارے نے پہلی تاریخی پرواز مکمل کرلی

صرف 5 ڈالر کی بجلی کے خرچ میں ایک میگاواٹ طاقت اور صفر آلودگی کے ساتھ الیکٹرک طیارے کی 27 منٹ کی فلائٹ

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 اگست 2026 17:46

دنیا کے سب سے بڑے الیکٹرک طیارے نے پہلی تاریخی پرواز مکمل کرلی
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2026ء) ہوابازی کی صنعت میں ایک بڑا اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے جہاں دنیا کے سب سے بڑے بیٹری الیکٹرک طیارے نے امریکی ریاست نیویارک کے ایک ہوائی اڈے سے اپنی پہلی کامیاب پرواز مکمل کرلی، اس تاریخی پرواز کا کل ایندھن کا خرچ صرف ایک کافی کے کپ کے برابر رہا۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی ایوی ایشن اور ایئرواسپیس کمپنی "ہارٹ ایئرواسپیس" نے اعلان کیا ہے کہ اس کے تیار کردہ ڈیمونسٹریٹر طیارے "X1" نے نیویارک کے پلیٹس برگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع کمپنی کے فلائٹ ٹیسٹ بیس سے اپنی پہلی پرواز مکمل کی، 27 منٹ پر محیط اس تاریخی سفر کے دوران طیارے نے 1100 فٹ کی بلندی حاصل کی اور اس کے الیکٹرک پروپلشن سسٹم نے 1 میگاواٹ سے زائد کی پاور فراہم کی۔

(جاری ہے)

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ پوری پرواز جہاز کے اندر نصب بیٹری سسٹم پر چلی، جس میں مجموعی طور پر صرف 5 امریکی ڈالر (تقریباً 1 ہزار 400 روپے) کی بجلی استعمال ہوئی، جو کہ اسٹار بکس کے ایک کپ وینٹی کیپوچینو کی قیمت کے برابر ہے۔ کمپنی کے بانی اور سی ای او اینڈرس فورسلنڈ نے اس پیشرفت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ X1 کی پہلی پرواز کے ساتھ ہی ہم نے کمرشل ایئرلائن کے پیمانے پر الیکٹرک فلائٹ کا کامیابی سے مظاہرہ کر دیا ہے، بیٹری سے چلنے والے تجارتی طیارے ایئر لائنز کی معاشی صورتحال کو بنیادی طور پر تبدیل کرنے اور مسافروں کے لیے ہوائی سفر کا خرچ نمایاں طور پر کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ہارٹ X1 طیارہ 76 فٹ یعنی 23 میٹر لمبا ہے اور اس کے پروں کا پھیلاؤ 106 فٹ یعنی 32 میٹر ہے، پرواز کے وقت اس کا وزن 25 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ تھا، جس کی بدولت یہ دنیا کی تاریخ میں اڑنے والا سب سے بڑا بیٹری الیکٹرک طیارہ بن گیا، یہ طیارہ دراصل کمپنی کے آئندہ آنے والے تجارتی طیارے "ES30" کا ایک مکمل ماڈل ہے، جس کا مقصد برقی فنکشنز، ایرو ڈائنامکس اور فلائٹ پرفارمنس کا عملی تجربہ کرنا ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ 30 نشستوں پر مشتمل ES30 طیارہ 2031ء تک باقاعدہ سروس میں شامل ہو جائے گا، جو سستی توانائی اور کم دیکھ بھال کے اخراجات کی وجہ سے روایتی علاقائی پروازوں کے آپریشنل اخراجات میں 40 فیصد سے زائد کی کمی لائے گا، یونائیٹڈ ایئرلائنز، ایئر کینیڈا اور جے ایس ایکس جیسی عالمی سطح کی بڑی ایئرلائنز اس الیکٹرک طیارے کی خریداروں کی فہرست میں پہلے ہی شامل ہو چکی ہیں، یہ طیارہ مکمل برقی موڈ پر 200 کلومیٹر اور ہائبرڈ موڈ پر 800 کلومیٹر تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھے گا، اس کی چارجنگ کا وقت صرف 30 منٹ ہوگا۔