چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بورڈ ممبران کا اجلاس

انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے لئے عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے امور کا جائزہ لیا گیا‘پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اوربرطانوی ادارے کے ساتھ انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کی توثیق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 اگست 2026 18:22

چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بورڈ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اگست ۔2026 ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بورڈ ممبران کا اجلاس پیسک ہاﺅس میں منعقد ہوا اجلاس میں انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور عالمی اداروں کے مابین اشتراک کے امور کا جائزہ لیا گیا.

اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے سائنس انڈسٹری ایسوسی ایٹ سروسز (SIAS) کے مابین انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے معاہدے کی توثیق کی گئی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے فروغ کیلئے دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی معاہدے کرے گا.

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے کے مابین انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن سے فنی تعلیم کے معیار میں مزید بہتری آئے گی اور ہنرمند افرادی قوت کیلئے عالمی سطح پر روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا.

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بیرون ملک عالمی اداروں سے سرٹیفائیڈ ہنرمند افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے یہ معاہدہ ہنرمند افرادی قوت کی قانونی طریقے سے بیرون ملک فراہمی میں معاون ثابت ہوگا انہوں نے ہدایت کی کہ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے تمام قانونی تقاضے اور قواعد و ضوابط مکمل کیے جائیں. صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت فراہم کرکے انہیں بااختیار بنایا جاسکتا ہے وزیراعلیٰ پنجاب کا سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی فوکس ہے اور ان کی ہدایت پر ٹیکنیکل ایجوکیشن کے متعدد اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ ٹیوٹا کے اداروں کی لیبز بھی فراہم کردہ فنڈز سے اپ گریڈ کی گئی ہیں.

انہوں نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جامع اصلاحات کی گئی ہیں امتحانی پرچوں کی مارکنگ اور عملی امتحانات کے عمل کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے جس سے امتحانی نظام میں مزید شفافیت آئے گی صوبائی وزیر نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ویب سائٹ کو بھی اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی. صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جاب پورٹل پوری طرح فعال ہے مقامی انڈسٹری اور انٹرنیشنل مارکیٹ جاب پورٹل کے ذریعے ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت حاصل کرسکتی ہے انہوں نے کہا کہ ہوٹل مینجمنٹ اور ٹورازم بڑی انڈسٹری ہے اور اس شعبے کیلئے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے.

چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بورڈ کے امتحانی نظام سے فنی تعلیم کے 1171 ادارے منسلک ہیں درخواستوں کے آن لائن پورٹل اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے جبکہ آن لائن ادائیگیوں کیلئے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے امتحانات میں شریک طلبہ کی رول نمبر سلپس پر کیو آر کوڈ بھی متعارف کرایا گیا ہے اجلاس میں سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد حفیظ اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی جبکہ بعض بورڈ ممبران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی.