Live Updates

رائس ملز ایسوسی ایشن بہاولنگر کی جانب سے فیکٹریاں بند کرنے کی دھمکی

بدھ 26 جون 2024 16:45

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2024ء) رائس ملز ایسوسی ایشن بہاولنگر کی جانب سے مہنگائی،ایف بی آر اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف احتجاج،ٹیکس لگانے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو یکم جولائی سے فیکٹریاں بند کر دیں گے۔تفصیلات کے مطابق رائس ملز ایسوسی ایشن بہاولنگر نے پریس کلب بہاولنگر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بل عوام پر ایٹم بم بن کر گرے ہیں۔

مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ مارا گیا ہے۔کئی قسم کے ٹیکس بجلی کے بل میں لگا کر بھیجے گئے ہیں۔جو حکومتی ٹیکس نہیں بلکہ جگا ٹیکس ہیں جنہیں ملز ایسوسی ایشن مسترد کرتی ہے۔ملز مالکان کا کہنا تھا کہ وزیروں،مشیروں، افسر شاہی اور واپڈا ملازموں کی بجلی کی مفت خوری بند کی جائے۔

(جاری ہے)

عوام میں اب ان لوگوں کی عیاشیوں کا بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے لگائے گئے ظالمانہ ٹیکسز کو فی الفور ختم نہ کیا گیا تو یکم جولائی سے نہ صرف صوبہ بھر میں بلکہ ملک گیر ہڑتال کا آغاز کریں گے اور تمام تر فیکٹریوں کو تالے لگا کر بند کر دیں گے جبکہ اجناس کی خرید و فروخت روک دی جائے گی۔ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ اگر صرف ضلع بہاولنگر کی 200 کے قریب ملز کی بندش کردی جائے تو ہزاروں خاندان کے لاکھوں افراد بری طرح متاثر ہوں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات