آئندہ چوبیس گھنٹوں کےملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے، شمال مشرقی پنجاب سمیت کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چندمقامات پر بارش کا امکان

ہفتہ 29 جون 2024 22:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2024ء) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی پنجاب ،خطۂ پوٹھوہار،شمال مشرقی سندھ ،بالائی خیبرپختونخوا،شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان ، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرآندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ جنوبی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اس دوران سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش /بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب،اسلام آباد، خیبر پختونخوا ،کشمیر، زیریں سندھ اور شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان میں چند مقا مات پرتیز ہواؤں / آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

(جاری ہے)

اس دوران سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں (شمس آباد 45، چکلالہ ائرپورٹ 5، کچہری 4)،حافظ آباد 25،گجرات17،سیالکوٹ (ائرپورٹ )10،ناروال، منڈی بہاؤالدین 6،گجرانوالہ4، مالم جبہ 19، بالاکوٹ 12، مردان 7،کاکول ایک، مظفرآباد (ائرپورٹ 5، سٹی 4)، راولاکوٹ 2،گڑھی دوپٹہ ایک، ژوب 4، بارکھان 3اور ٹھٹھہ میں 2 ملی میٹر بارش ر یکارڈ کی گئی۔ہفتہ کو ریکارڈکیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نوکنڈی میں درجہ حرارت 47،بہاولپور،دالبندین 46، سبی،دادو،بھکراور جیکب آبادمیں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔