فیصل آباد،دو بسوں میں تصادم ،ایک نوجوان جاں بحق، 12مسافر بری طرح زخمی

پیر 1 جولائی 2024 19:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2024ء) ستیانہ روڈ پر موٹرسائیکلیں ٹکرانے اور شیخوپورہ روڈ پر دو بسوں میں تصادم کے باعث ایک نوجوان جاں بحق‘ 12مسافر بری طرح زخمی ہو گئے‘ ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق لاری اڈا فیصل آباد کے رہائشی دوست موٹرسائیکلوں پر تاندلیانوالہ جا رہے تھے کہ جب وہ ستیانہ روڈ پر چک برہان دی جھوک کے قریب پہنچے تو ایک دوست نے تیز رفتاری کے باعث دوسرے موٹرسائیکل کو سائیڈ کروائی تو دیگر موٹرسائیکل سوار دو بھائی 15سالہ حسن ولد افضال‘ 12سالہ حسنین ولد افضال اور 25سالہ حیدر‘ 17سالہ امین بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو 15سالہ حسن ولد افضال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا، جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ شیخوپورہ روڈ پر فیصل گارڈن کے قریب دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرانے سے 8مسافر بری طرح زخمی ہو گئے۔ دونوں بسوں کی فرنٹ سکرین ٹوٹ گئیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں 62سالہ شگفتہ پروین زوجہ محمد فاروق‘ اسکی 40سالہ بیٹی عاصمہ بتول دختر فاروق سکنہ 389 ج ب ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ 70سالہ نجیب الله ولد غلام محمد‘ 63سالہ سمیع الله ولد الله دتہ‘ اسکی 60سالہ اہلیہ ریاض اختر بی بی سکنہ تاج کالونی اور 25سالہ اسامہ ولد عبدالسلام‘ 30سالہ محمد عرفان ولد لیاقت علی سکنہ مریدکے اور 36سالہ زنیرہ رخسانہ زوجہ محمد رئوف بری طرح زخمی ہو گئیں۔ حادثہ کے مرتکب ڈرائیورز موقع سے فرار ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔