لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت مختلف شہروں میں بھی بارش

ہفتہ 6 جولائی 2024 15:17

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2024ء) مون سون بارشوں کا دھواں دھار سپیل جاری ہے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہفتہ کے روز وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، رات گئے شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔

بارش اور آندھی کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، مختلف شہروں میں شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

(جاری ہے)

اٹک شہر اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بجلی کے پول اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوگیا۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق 7جولائی تک موسلادھار بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال ہو سکتی ہے، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔