Live Updates

ساہیوال ڈویژن میں تعمیر و ترقی کے لئے 58 نئے منصوبے شامل کئے ہیں،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس

پیر 8 جولائی 2024 13:00

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2024ء) پنجاب حکومت نے مالی سال 25-2024کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن میں تعمیر و ترقی کے لئے 58 نئے منصوبے شامل کئے ہیں جن کی کل مالیت 48 ارب 64کروڑ30لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ ان منصوبوں کا تعلق سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت کی اضافی سہولیات کی فراہمی، کھیلوں کے فروغ کے لئے سٹیڈیمز کی تعمیر و مرمت اور تعلیمی سہولیات میں اضافے سے ہے۔

یہ بات ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ساہیوال ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے اپنے دفتر میں نئے مالی سال میں شامل کئے گئے منصوبوں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سے جاری 93 ترقیاتی منصوبوں کے لئے بھی حکومت نے اس سال 6ارب 10کروڑ80لاکھ روپے مختص کر دیے ہیں تاکہ ان پر جاری کام کی رفتار تیز ہو۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال کے 19نئے منصوبوں پر 10 ارب 41کروڑ20لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ اسی طرح ضلع اوکاڑہ کے 26 منصوبوں پر21ارب75کروڑ60لاکھ روپے اورضلع پاک پتن کے 13 پراجیکٹس پر 16ارب47کروڑ60لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے نئے شامل ہونے والے منصوبوں کی تفصیل دیتے ہوئے بتایا کہ بین الاضلائی 67 کلومیٹر طویل ساہیوال بہاولنگر براستہ عارف والہ دو رویہ سڑک کی تعمیر و مرمت بھی نئے مالی سال کے بجٹ میں شامل کی گئی ہے جس پر 14 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ کی خطیر رقم کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے اسی طرح 11ارب روپے سے اوکاڑہ دیپالپور روڈ کو بہتر کیا جائے گا، انہوں نے مزید بتایا کہ 6ارب 39کروڑ 50لاکھ روپے سے قصور ملتان روڈ کی ضلع پاک پتن میں حصے کی مرمت، 3 ارب 39کروڑ 60لاکھ روپے سے اوکاڑہ ماڑی پتن روڈ کی مرمت،2ارب 20کروڑ روپے سے اوکاڑہ سید والا برج براستہ ستگرہ روڈ کی مرمت اور 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 40 کلومیٹر طویل ساہیوال گوگیرہ روڈ براستہ نورشاہ کی مرمت بھی کی جائے گی۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں اوکاڑہ شہر کے 13.2کلومیٹر جنوبی بائی پاس(را سکندر اقبال روڈ)کی مرمت کے لئے بھی 36کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ان تمام نئے منصوبوں کی منظوری محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب دے گا جس کے لئے محکمہ ہائی وے ساہیوال نے ورکنگ پیپرز کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ڈپٹی ڈائیریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے مزید بتایا کہ نئے مالی سال میں محکمہ اریگیشن 20 کروڑ 41 لاکھ روپے سے نہر خانواہ کی ٹیل کی بحالی کا منصوبہ بھی شروع کرے گا جس سے سینکڑوں ایکڑ اراضی کو درپیش نہری پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہو گا۔\378
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات