ٹیوٹا آزاد کشمیر کے زیرانتظام انڈوومنٹ فنڈز ٹریننگ پروگرام 2024 کے تحت منتخب ٹرینیز خواتین کی تربیت

بدھ 10 جولائی 2024 16:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) ٹیوٹا آزاد جموں و کشمیر کے زیرانتظام انڈوومنٹ فنڈز ٹریننگ پروگرام 2024 کے تحت منتخب ٹرینیزبشمول خواتین کی ٹریننگ ہاسپیٹیلٹی سیکٹر میں پاکستان کے معروف ادارہ جات ہاشو ہنر ایسوسی ایشن اور کوتھم کے اشتراک سے مورخہ 03مئی 2024 سے شروع کی گئی تھی ۔ ہاشو ہنر ایسوسی ایشن کے تحت دو ماہ تھیوری کلاسز مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر بھر سے منتخب 120 سے زائد ٹرینیز کو پریکٹیکل ورک کے لیئے ہاشو گروپ کے تحت پی سی ہوٹل راولپنڈی ، پی سی بھوربن ، پی سی لاہور،پی سی مالم جبہ (سوات) ،پی سی مظفرآباد، ہوٹل ون اسلام آباداور سیشل ہوٹل مری میں مامور کیا گیا ہے۔

جہاں زیر تربیت ٹرینیز ماہر ریسورس پرسن کی نگرانی میں عملی طور پر اپنے اپنے شعبہ جات میں مہارت حاصل کریں گے جبکہ کوتھم کے تحت ٹرینیز اپنے ہی ادارہ میں پریکٹیکل ورک مکمل کریں گے جہاں پر ٹرینز کے لیئے تمام سہولیات موجود ہیں ،چار ماہ پر مشتمل اس عملی کام /ٹریننگ کے بعد یہ ٹرینیز اس قابل ہونگے کہ وہ قومی و بین الاقوامی ہوٹل انڈسٹری میں روزگار کے مواقعوں سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ٹیوٹا آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد فرید نے اس ٹریننگ پروگرام کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کیلئے ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ کا یہ عمل انتہائی اہم ہے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔دنیا کے کسی بھی ملک میں ہمارے نوجوان مرد و خواتین اپنا بہترین مستقبل بنا سکتے ہیں،اس سے بے روزگاری جیسے چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں مدد ملے گی ۔

ٹیوٹا آزاد جموں و کشمیر اس تربیتی عمل میں قومی سطح کے معروف اداروں اور تنظیموں کے ساتھ بھرپور شراکت داری اور مالیاتی و ٹیکنیکل معاونت فراہم کر رہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے نوجوان ا س عمل سے فائدہ اٹھائیں۔ٹرینیز کیلئے تربیت رہائش و کھانے سمیت دیگر ضروری و بنیادی سہولیات ٹیوٹا آزاد جموں و کشمیر کی طرف سے مفت فراہم کی جارہی ہیں۔