Live Updates

پاکستان نے آئی سی سی کی مشاورت سے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے بجٹ کو حتمی شکل دیدی

بجٹ کی تیاری آئی سی سی کے چیف فنانس آفیسر انکور کھنہ اور پی سی بی کے چیف فنانس آفیسر جاوید مرتضیٰ نے کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 جولائی 2024 16:58

پاکستان نے آئی سی سی کی مشاورت سے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے بجٹ کو حتمی شکل ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جولائی 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مشاورت سے فروری مارچ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ بجٹ کی تیاری آئی سی سی کے چیف فنانس آفیسر انکور کھنہ اور پی سی بی کے چیف فنانس آفیسر جاوید مرتضیٰ نے کی تھی۔ 19 جولائی کو کولمبو، سری لنکا میں شروع ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاسوں میں بجٹ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ان اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور سی ای او سلمان نصیر کریں گے جو 18 جولائی کو کولمبو روانہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا بجٹ 22 جولائی کو ان اجلاسوں کے دوران منظوری کے لیے مقرر ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی اور پی سی بی کی مشاورت سے تیار کیا گیا بجٹ، 22 جولائی کو منظوری کے لیے ایجنڈے میں واحد آئٹم ہے۔

اس دن کے لیے ہائبرڈ ماڈل یا ضمنی یا ہنگامی بجٹ پر بات چیت سمیت کوئی دوسرا مالیاتی فارمولہ طے نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے والا ہے۔ تیاری میں پچز اور گراؤنڈز آئی سی سی کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن کی فراہم کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ آئی سی سی کا ایک وفد تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ٹورنامنٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اب تک تین وفود پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات