سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف 3 آپریشنز

5 دہشتگرد ہلا ک اور 3 کو زخمی کردیا گیا، آپریشن کے دوران خیبرپختونخواہ پولیس کے اہلکار ابرار حسین نے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 29 جولائی 2024 21:12

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف ..
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2024ء) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف 3 آپریشنزمیں پانچ دہشتگردوں کو واصل جہنم اور 3 کو زخمی کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف 3 آپریشن کئے، آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلا ک اور 3 کو زخمی کردیا گیا، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن 28اور 29جولائی کو کئے گئے۔

سکیورٹی فورسز نے مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن فتنہ الخوارج کے دہشتگرد قاری سمیت 3 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مہمند میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا، اسلحہ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران خیبرپختونخواہ پولیس کا اہلکار ابرار حسین شہید ہوگئے۔

اسی طرح سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ڈی آئی خان میں بھی کاروائی کی۔سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مئوثر طریقے سے نشانہ بنایا، آپریشن میں فتنہ الخوارج کا دہشتگرد صغت اللہ عرف ملا منصور ہلاک کردیا گیا ہے، ڈیرہ اسماعیل خان آپریشن میں 3 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد صغت اللہ 12 دسمبر 2023 کو درابن میں خودکش حملے کی سہولتکاری میں ملوث تھا۔

ہلاک دہشتگرد صغت اللہ علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھا۔ ہلاک دہشتگرد صغت اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔ مزید برآں سکیورٹی فورسز نے تیسری کاروائی شمالی وزیرستان میں کی، آپریشن میں فتنہ الخوارج کے ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز امن واستحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں