سندھ زرعی یونیورسٹی کے طلبہ لاھور میں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو میں شرکت کریں گے

جمعرات 1 اگست 2024 20:02

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2024ء) سندھ زرعی یونیورسٹی کے طلبہ لاہور میں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو میں شرکت کریں گے، وفد کی وائس چانسلر سے ملاقات، پولٹری صنعت میں نوجوانوں کی شمولیت روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو2024 میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ کی شرکت اور یونیورسٹی ماہرین کے تحقیقی مقالے شامل کرنے کیلئے انٹرنیشنل پولٹری ایکسپوکے چیف آرگنائزر عبد الحئی مہتا نے اپنے وفد کے ہمراہ فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ وٹرینری سائنسز کا دورہ کیا، وفد میں بشارت خلیق (کنوینر)، سہیل احمد (کو-کنوینر)، صفدر حسین، اور ڈاکٹر شاہد وحید شامل تھے، وفد نے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری سے ملاقات کی، اور وائس چانسلر اور سندھ زرعی یونیورسٹی کے پولٹری ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو26، 27 اور 28 ستمبر، 2024 کو لاہور میں ہونے والے ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

اس دورے کا مقصد اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان خلا کو پر کرنا ہے، اور طلبہ کو قیمتی انٹرنشپ مواقع اور پولٹری سیکٹر میں کیریئر کے راستے فراہم کرنا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے دعوت قبول کرتے ہوئے، متعلقہ حکام کوہدایات جاری کیں، کہ طلبہ کی شرکت کو یقینی بنایا جائے، وائس چانسلر نے وفد کو بتایا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی میں بی ایس پولٹری کا ڈگری پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے کورسز کیلئے پولٹری صنعت کی تجاویز کو مدنظر رکھا گیا ہے، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیف آرگنائزر عبد الحئی مہتا نے بتایا کہ اس عالمی ایکسپو میں پولٹری صنعت سمیت متعلقہ ادارے، نجی شعبہ، اکیڈمیا، محققین اور طلبہ شامل ہونگے، جس سے نوجوانوں کیلئے اپنے کیریئر کے دروازے کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2024 پولٹری فیلڈ کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو نوجوانوں کے اہم کردار کو اجاگر کرے گا اور مستقبل کے پیشہ ور افراد کے لیے نئے کیریئر کے راستے کھولے گا، وفد نے ڈین ڈاکٹر سید محمد غیاث الدین شاہ راشدی، چیئرمین پولٹری ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ناصر راجپوت، ڈاکٹر امداد لغاری، ڈاکٹر گلفام مغل اور دیگر سے بھی ملاقاتیں کیں۔