سپیکرقومی اسمبلی کا حاجی امتیاز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار

ہفتہ 3 اگست 2024 22:36

سپیکرقومی اسمبلی کا حاجی امتیاز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے گجرات سے ایم این اے حاجی امتیاز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے ،پارلیمانی ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ تحریک انصاف نے حاجی امتیاز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست سپیکر کو دی تھی وہ قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں انہیں ایوان میں بلائیں جس پر سپیکر نے پنجاب حکومت کو خط لکھا کہ حاجی امتیاز کی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے لئے انہیں پروڈکشن آرڈر کے تحت پیش کیا جائے تاہم پنجاب حکومت نے سپیکر آفس کو بھجوائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ حاجی امتیاز پنجاب پولیس کی حراست میں نہیں ہیں ،عدالت میں پیشی کے بعد پی ٹی آئی کے درجنوں حامی افراد انہیں پولیس حراست سے چھڑا کر فرار ہوگئے اور وہ ابھی تک مفرور ہیں ،پولیس کے پاس نہیں ہیں ،اس جواب کے بعد سپیکر نے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کا موقف ہے کہ جب کوئی ایم این اے پولیس یا کسی اور ادارے کی حراست میں ہی نہیں تو پروڈکشن آرڈر جاری کیسے کئے جائیں ،مفرور ایم این اے کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جا سکتے ،یہ معاملہ بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں بھی اٹھایا تھا اوروزیر اعظم نے بھی ان کی گرفتاری کے معاملے کو دیکھنے کا وعدہ کیا تھا ۔